0

ٹوبہ ٹیک سنگھ کے ڈسٹرکٹ ہسپتال میں شیلٹر ھوم کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب

ٹوبہ ٹیک سنگھ: وزیر اعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق پردیسی اور بے گھر افراد کے لئے پناہ گاہ کی تعمیر ایک عظیم فلاحی قدم ہے .جو کہ ایک ہمدرد معاشرے اورفلاحی ریاست کی عکاسی کرتا ہے ۔
ڈویژنل کمشنر جاوید محمود بھٹی نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال میں مخیر شخصیت کے تعاون سے پناہ گاہ ( شیلٹر ھوم ) کا سنگ بنیاد رکھتے ہوئے کہی ۔ آر پی او غلام محمود ڈوگر بھی ان کے ہمراہ تھے .
جبکہ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر میاں محسن رشید ‘ ڈی پی او صادق علی ڈوگر ‘ اسسٹنٹ کمشنر مصور نیازی ‘ ایم پی اے سعید احمد سعیدی ‘ پی ٹی آئی رہنما چوہدری محمد اشفاق اور دیگر عمائدین بھی موجود تھے ۔ اس موقع پر بتایا گیا کہ شیلٹر ھوم کی تعمیر پر 85 لاکھ روپے خرچ ہونگے جس میں ایک سو افراد کے قیام کی گنجائش ہو گی جن میں پچاس مرد اور پچاس خواتین شامل ہیں ۔

شیلٹر ھوم میں شیڈز سمیت چھ واش رومز ‘سیکورٹی اور دفاتر کے کمرہ جات کے علاوہ پینے کے پانی ‘ بجلی اور دیگر ضروری سہولتیں دستیاب ہونگی اور شیلٹر ہوم میں مقیم مرد و خواتین کو صبح اور شام کے اوقات میں کھانا فراہم کیا جائے گا ۔ ڈویژنل کمشنر نے شیلٹر ھوم کی تعمیر میں معاونت کرنے والی مخیر شخصیت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہسپتال میں اس منصوبے کی تعمیر سے مریضوں کے لواحقین کو رات کے وقت قیام کی سہولیات میسر آئیں گی جو موجودہ حکومت اور معاونین کو دعائیں دیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ڈویژن کے چاروں اضلاع میں شیلٹر ھومز کے قیام کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں اس سلسلے میں وسائل یافتہ افراد آگے آئیں تاکہ خیر و فلاح کے ان منصوبوں سے پردسیوں اور بے گھر افراد کو شب بسری کی بہترین سہولیت مہیا ہو سکیں ۔
آر پی او غلام محمود ڈوگر نے شیلٹر ھوم کے منصوبوں کو آگے بڑھانے کے سلسلے میں انتظامی افسران کی کاوشوں اور مخیر حضرات کے تعاون کو سراہا اور کہا کہ سماجی بھلائی کے ایسے منصوبوں میں زیادہ سے زیادہ مخیر حضرات کو آگے بڑھ کر حکومت کا ہاتھ بٹانا چاہئے۔ ڈپٹی کمشنر میاں محسن رشید نے شیلٹر ھوم کے قیام اور دستیاب سہولیات کے بارے میں بریفنگ دی ۔
ایم پی اے سعید احمد سعیدی اور پی ٹی آئی رہنما چوہدری محمد اشفاق نے وزیر اعظم عمران خاں کی فلاحی سوچ کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ملکی تاریخ میں پہلی بار ایسے فلاحی منصوبوں کی بہتر سوچ کو عملی جامہ پہنایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت عام آدمی کی زندگی کو آسان بنانے کی پالیسی پر گامزن ہے جس کے مستقبل میں اچھے نتائج نظر آئیں گے اور عوام تبدیلی کے ثمرات سے مستفید ہونگے ۔ انہوں نے شیلٹر ہوم کی تعمیر کے منصوبے میں پیش رفت پر ضلعی انتظامیہ کی محنت کو سراہا ۔

کیٹاگری میں : Uncategorized

اپنا تبصرہ بھیجیں