شہباز شریف نے پارٹی صدارت سنبھالتے ہی بڑے بھائی کو قائد اعظم کا سیاسی وارث قرار دے دیا

اسلام آباد: وزیراعلیٰ پنجاب اور مسلم لیگ ن کے نو منتخب صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ  نوازشریف کل بھی ہمارے قائد تھے آج بھی ہیں اور کل بھی ہوں گے، قائد اعظم کا سیاسی وارث عوام کا لیڈر بنا یہ ہماری خوش قسمتی ہے۔

ان خیالات کا اظہار  انہوں نے مسلم لیگ ن کے اسلام آباد میں منعقدہ جنرل کونسل اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ  گذشتہ ہفتے سینٹرل ورکنگ کمیٹی نے مجھے قائم مقام صدر منتخب کیا تاہم آج پارٹی کی جنرل کونسل نے مجھے مسلم لیگ ن کا باضابطہ صدر منتخب کیا، پارٹی رہنماؤں اور کارکنان  کو سلام پیش کرتا ہوں۔

اُن کا کہنا تھا کہ  آج اُس شخصیت کےمنصب پربٹھایاجارہاہےجس سے ہم نےہمیشہ رہنمائی لی، مجھ سمیت پارٹی کا کوئی رکن نوازشریف کی جگہ لینےکا تصور بھی نہیں کرسکتا کیونکہ  میاں صاحب وہ سیاستدان ہیں جنہیں قائد اعظم کا سیاسی وارث قرار دیا گیا۔

مسلم لیگ ن کے نو منتخب صدر کا کہنا تھا کہ نوازشریف نےمجھےاپنے منصب کیلئےچنا میرے لیے اس سے بڑااعزاز کوئی نہیں ہوسکتا، چھوٹا بھائی ہونے کی حیثیت سے موقع ملا ہے کہ ملک و قوم کی خدمت کروں، قومی منصب دینے پر نوازشریف، مسلم لیگ کے تمام عہدیداران اور کارکنان کا شکرگزار ہوں۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ کارکن پارٹی کا قابل فخر سرمایہ ہیں کیونکہ کارکنان نے ہر مشکل وقت میں قربانیاں دے کر وفاداری کا ثبوت دیا،  دنیا جانتی ہے کہ ہمارے لیڈر کے ساتھ زیادتی ہوئی اور اُسے ناانصافی کانشانہ بنایاگیا مگر آج بھی ہمارا دل گواہی دیتا ہے کہ نوازشریف کو آنے والے دنوں میں انصاف ضرور ملے گا۔

Shahbaz Sharif took over the presidency

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے