جمعرات , 13 دسمبر 2018

کراچی میں آج بھی گرمی کا راج، گرمی 40 سینٹی گریڈ تک پہنچ گئی

تفصیلات کے مطابق شہرقائد میں آج بھی سورج سوا نیزے پر ہے، محکمہ موسمیات کا کہنا ہے شہری تیار ہو جائیں آج پھرگرمی پڑے گی اور پارہ چالیس تک پہنچ گیا۔

کراچی کا موجودہ درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 11 فیصد ہے۔

موسم کا حال بتانے والوں نے اچھی خبر دیتے ہوئے کہا کہ آئندہ دو روز میں موسم میں بہتری آئے گی لیکن شہری احتیاطی تدابیر پر عمل کرنا نہ بھولیں۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ رواں موسم گرما میں کراچی سمیت سندھ بھر میں گرمی کی شدت میں اضافے اور کمی کا سلسلہ برقرار رہے گا۔

ڈاکٹرز نے بڑھتی ہوئی گرمی کے پیش نظر شہریوں کو احتیاط برتنے، غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلنے اور پانی زیادہ پینے کا مشورہ دیا ہے۔

میئرکراچی کی ہدایت پر کے ایم سی کے اسپتالوں میں ہیٹ ویو کے خدشے کے پیش نظر اقدامات کئے جارہے ہیں، سینئرڈائریکٹرمیڈیکل اینڈہیلتھ سروسز نے اسپتال منتظمین کو مراسلہ جاری کیا ہے ، جس میں اسپتالوں کوہیٹ اسٹروک مینجمنٹ سینٹر قائم کرنےکی ہدایت کی گئی ہے۔

دوسری جانب سندھ کے دیگر شہربھی گرمی کے نشانے پرہیں، شہید بینظیر آباد میں درجہ حرارت چوالیس سکرنڈ ، حیدر آباد، مٹھی اور چھور میں تینتالیس ڈگری سینٹی گریڈتک پہنچ گیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹے کے دوران کوئٹہ،لاہور،فیصل آباد،ملتان اور  پشاور سمیت ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا تاہم گلگت بلتستان اور کشمیر میں بعض مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کیساتھ ہلکی بارش کا امکان ہے۔

گزشتہ روز سب سے زیادہ درجہ حرارت نوابشاہ میں چوالیس ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے