ڈیرہ اسماعیل خان :’’حسینؑ سب کا‘‘ کے عنوان سے سمینار

ڈیرہ اسماعیل خان ( اسد عباس ) حسینیہ انجمن متولیان و شیعہ علماء کونسل ڈیرہ اسماعیل خان کے زیر اہتمام ’’حسینؑ سب کا‘‘ کے عنوان سے ایک سمینار منعقد کیا گیا جس میں مختلف مکاتب فکر اور شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ گرلز ہائی سکول نمبر 1 میں منعقد کردہ اس سیمنار میں صوبائی وزیر مال علی امین خان گنڈہ پور مہمان خصوصی جبکہ ڈی پی او ڈیرہ راجہ عبدالصبور نے بطور مہمان اعزاز شرکت کی۔محرم الحرام کے حوالے سے مختلف مکتبہ ہائے فکر کی جانب سے اتحاد اور امن کے پیغام کی نیت سے منعقد کئے جانے والے اس سیمنار سے مذکورہ مہمانان کے علاوہ ملک خضر حیات ڈیال، زاہد محب اللہ، علامہ رمضان توقیر،مولانا سید فاخر عباس شاہ، قاری خلیل احمد سراج، حاجی اللّہ بخش سپل، محمد حنیف پیپا، مشتاق احمد ڈار،بشیر راجپوت، ہیبت اللہ صدیقی اور قتیل اظہر بخاری کے علاوہ دیگر نے بھی خطاب کیا۔ مقررین نے ڈیرہ اسماعیل خان کو امن کا گہوارہ بنانے پر تمام مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے علماکرام، سول سوسائٹی، میڈیا، وکلا برادری، سیاسی قیادت سیکورٹی فورسز ، پولیس اور ڈیرہ کے عوام کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا اور امید ظاہر کی کہ ڈیرہ اسماعیل خان کو خوشیوں کا گہوارہ بنانے کی خاطراسی طرح کی کاوشیں ہوتی رہیں گی۔ سمینار سے خطاب کرتے ہوئے ڈی پی او ڈیرہ راجہ عبدالصبور نے کہا کہ ڈیرہ اسماعیل خان کے عوام کو اس شہر کے امن کے لئے ایک پلیٹ فارم دیکھ کر ان کے اور ان کے محکمہ کے حوصلے بلند ہوئے ہیں اوریہ حوصلے نا صرف محرم الحرام میں پولیس کی کارکردگی کو مذید بہتر طور پر پیش کرنے کا موجب بنیں گے بلکہ اس کے بعد بھی اس شہر کے امن و آمان کو یقینی بنانے میں بھی معاون ثابت ہونگے۔ سٹی ایم پی اے صوبائی وزیر مال سردار علی امین خان گنڈہ پور نے اپنے خطاب میں سمینار کے منتظمین اور شرکا کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے انکی اس کاوش کو امن سے محبت سے تعبیر کیا۔ انہوں نے کہا انکی حکومت محرم کے انتظامات کو پہلے دن سے بہتر بنانے کی کامیاب کوشش کرتی چلی ارہی ہے اور اس مرتبہ پہلے سے بھی بہتر انتظمات دیکھنے میں آئیں گے۔ علی امین گندہ پور نے اس موقع پر بتایا کہ انہوں نے کوٹلی امام حسین قبرستان کے ایک سو انیس کنال کے رقبے کے انتقال کے اقدامات کو حتمی شکل دے دی ہے جبکہ اس قبرستان کے احاطے کی چار دیواری کے لئے تین کروڑ روپے کی رقم بھی جاری کر دی ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ کوٹلی امام کی دیگر اراضی کے حصول کے لئے بھی کوشش کی جا رہی ہے اور اس حوالے سے عنقریب خوشخبری سننے کو ملے گی

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے