اسٹریٹ چائلڈ فٹبال ورلڈ کپ کے فائنل میں ازبکستان نے پاکستان کو شکست دے دی

ماسکو: اسٹریٹ چائلڈ فٹبال ورلڈ کپ کے فائنل میچ میں ازبکستان نے پاکستان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد شکست دے دی۔

تفصیلات کے مطابق ماسکو میں کھیلے جانے والے میگا ایونٹ کے فائنل معرکے میں ازبکستان نے پاکستان کو 5-6 سے شکست دے دی، میگا ٹورنامنٹ کے فائنل میچ میں دونوں ٹیموں کے مابین سخت مقابلہ ہوا، پہلے ہاف میں دونوں ٹیموں نے ایک ایک گول اسکور کیا جبکہ دوسرے ہاف دونوں ٹیمیں کوئی گول اسکور نہ کرسکیں۔

فائنل میچ ایک ایک گول سے برابر ہونے کے بعد فیصلہ پنلٹی ککس پر ہوا، پاکستان کی جانب سے 5 پنلٹی ککس پر گول کیے گئے جبکہ ازبکستان نے 6 گول کرکے فائنل اپنے نام کرلیا۔

پاکستان ٹیم کے کپتان محمد عبداللہ کو ٹورنامنٹ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا، ہیڈ کوچ عبدالرشید کا کہنا تھا کہ کھلاڑیوں نے اچھے کھیل کا مظاہرہ کیا، ایک پنلٹی کک مس نہ ہوتی تو فائنل جیت سکتے تھے

ایونٹ میں پاکستانی ٹیم کوئی میچ نہیں ہاری تھی جس کی وجہ سے قومی ٹیم کو فائنل میں فیورٹ دیا جارہا تھا، گرین شرٹس نے سیمی فائنل میں انڈونیشیا کو 4-5 سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کیا تھا۔

واضح رہے کہ اسٹریٹ چائلڈ فٹبال ورلڈ کپ فیفا ورلڈ کپ کے میزبان ملک میں عالمی کپ سے ایک ماہ قبل کھیلا جاتا ہے، ایونٹ میں 21 ملکوں کے 14 سے 17 سال کے کھلاڑیوں نے حصہ لیا تھا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے