اتوار , 18 نومبر 2018

سہ فریقی ٹی ٹوئنٹی سیریز: شاہینوں نے کینگروز کے گرد گھیرا تنگ کردیا

ہرارے: سہ فریقی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے پانچویں میچ میں آسٹریلیا نے پاکستان کے 195 رنز کے ہدف کے تعاقب 6 وکٹوں کے نقصان پر 126 رنز بنالیے۔

ہرارے اسپورٹس کلب میں کھیلے جارہے میچ میں قومی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقرررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 194 رنز بنائے جس کے جواب میں آسٹریلوی ٹیم کے 5 کھلاڑی 100 رنز کے اندر پویلین لوٹ گئے۔

سیریز کے تمام میچز میں دھواں دھار بیٹنگ کرتے ہوئے کینگروز کپتان ایرون فنچ اس میچ میں اپنا جادو نہ چلا سکے اور صرف 16 رنز بنا سکے۔

ٹریو ہیڈ 7، آرکی شارٹ 28، گلین میکسویل 10، نک میڈنسن 5 اور مارکس اسٹونس 16 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

گرین شرٹس کی جانب سے شاہین آفریدی نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 3، عثمان خان، شاداب خان اور فہیم اشرف نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل آسٹریلوی ٹیم کے کپتان ایرون فنچ نے ٹاس جیت کر پہلے سرفراز الیون کو بیٹنگ کی دعوت دی تو فخر زمان اور حارث سہیل نے اننگز کا آغاز کیا اور 8 کے مجموعی اسکور پر قومی ٹیم کو حارث سہیل کی شکل میں خسارے کا سامنا کرنا پڑا جو کوئی رنز نہ بناسکے۔

حسین طلعت اور فخر زمان نے دوسری وکٹ پر شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے 72 رنز جوڑے اور ٹیم کا مجموعی اسکور 80 تک پہنچا تو حسین طلعت میکسویل کی گیند پر بولڈ ہوگئے ، وہ ایک چھکے اور 3 چوکوں کی مدد سے 25 گیندوں پر 30 رنز بناسکے۔

کپتان سرفراز احمد 14 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے اور آسٹریلوی بولروں کے خلاف مزاحمت کرنے والے فخر زمان 73 رنز کی شاندار اننگز کھیلنے کے بعد اسٹونیس کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے، انہوں نے اپنی اننگز میں 44 گیندوں پر 3 چھکے اور 9 چوکے بھی لگائے۔

شعیب ملک 27 اور فہیم اشرف بغیر کوئی رنز بنائے آؤٹ ہوئے جب کہ آصف علی نے 2 چھکوں اور 3 چوکوں کی مدد سے 18 گیندوں پر 37 رنز کی شاندار ناٹ آؤٹ اننگز کھیلی اور قومی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 194 رنز بنائے۔

آسٹریلیا کی جانب سے ایشٹن اگر اور اینڈریو ٹائی نے 2،2 جب کہ گلین میکسویل اور اسٹونس نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

فخر زمان کا اعزاز

آسٹریلیا کے خلاف 73 رنز بنانے والے فخر زمان رواں سال سب سے زیادہ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل رنز بنانے والے کھلاڑی بھی بن گئے، انہوں نے آج 68واں رنز لے کر بھارت کے شیکھر دھاون کو پیچھے چھوڑ دیا۔

شکھر دھاون نے رواں سال اب تک دس اننگز میں 419 رنز بنائے جب کہ فخر زمان ٹی ٹوئنٹی کی 12ویں اننگز میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹسمین بن چکے ہیں۔

آسٹریلیا کے خلاف میچ کیلئے قومی ٹیم میں تبدیلیاں

آسٹریلیا کے خلاف قومی ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئیں، حسن علی کی جگہ شاہین آفریدی اور محمد نواز کی جگہ عثمان خان کو ٹیم میں شامل کیا گیا۔

قومی ٹیم فخر زمان، حارث سہیل، حسین طلعت، کپتان سرفراز احمد، شعیب ملک، آصف علی، شاداب خان، فہیم اشرف، شاہین آفریدی، محمد عامر اور عثمان خان پر مشتمل ہے۔

سیریز میں اس سے قبل آسٹریلیا کے خلاف کھیلے گئے میچ میں قومی ٹیم کو ناقص بیٹنگ کی وجہ سے عبرتناک شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے