سانحہ مستونگ پر کرکٹ اور شوبز اسٹارز کا اظہارِ افسوس

بلوچستان کے ضلع مستونگ میں گزشتہ روز خودکش حملے میں 128 قیمتی جانوں کے ضیاع پر جہاں ہر آنکھ اشک بار ہے، وہیں شوبز اور کرکٹ اسٹارز نے بھی اس واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اس کی شدید مذمت کی ہے۔

سابق کرکٹ کپتان شاہد آفریدی سمیت محمد حفیظ، فرحان سعید، فخر عالم اور دیگر اسٹارز نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے غم و غصہ کا اظہار کیا ہے۔

شاہد آفریدی نے اظہار افسوس کرتے ہوئے لکھا، ’بلوچستان میں ایک اور نہایت بزدلانہ حملہ، جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے‘۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ میری ساری دعائیں متاثرہ خاندانوں اور شہیدوں کے لیے ہیں، اللہ تعالیٰ پاکستان کی حفاظت فرمائے۔

قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی محمد حفیظ نے بھی ٹوئٹر پر رنج و غم کا اظہار کیا اور لکھا کہ وہ مستونگ واقعے کے شہداء کے لیے دعاگو ہیں اور ان کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کرتے ہیں۔

گلوکار و اداکار فرحان سعید نے بھی اپنے ٹوئٹر پیغام میں تمام شہداء کے لیے دکھ کا اظہار کیا اور لکھا، ’کاش میرے پاس کہنے کے لیے کچھ ہوتا، اللہ پاکستان پر رحم کرے‘۔

گلوکار فخر عالم نے اپنے پیغام میں شدید غم و غصہ کا اظہار کیا اور کہا کہ ’بلوچستان میں خون کی ہولی کا سن کر انتہائی دکھ پہنچا ہے۔ 100 سے زائد پاکستانیوں کو دہشت گردوں نے شہید کردیا ہے، ہمیں (سابق وزیراعظم نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز کے) جہاز کی لینڈنگ سے زیادہ اس کی فکر کرنی چاہیے‘۔

انہوں نے مزید لکھا کہ ’اگر ہم متحد نہیں ہوئے تو پاکستان خونی جنگ لڑتا رہے گا اور دشمن اسے جاری رکھے گا‘۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز مستونگ میں انتخابی جلسے کے دوران خودکش حملے کے نتیجے میں بلوچستان عوامی پارٹی کے رہنما نوابزادہ سراج رئیسانی سمیت 128 افراد شہید جبکہ متعدد زخمی ہوگئے تھے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے