ضمنی انتخابات: پولنگ جاری، وزیراعظم عمران خان نے ووٹ کاسٹ کردیا

اسلام آباد: ملک بھر میں قومی اور صوبائی اسمبلی کی 35 نشتوں پرضمنی انتخابات کے لیے پولنگ کا عمل جاری ہے۔

تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کی 11 اور صوبائی اسمبلی کی 24 نشتوں پرضمنی انتخابات کے لیے پولنگ کا عمل صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک بلا تعطل جاری رہے گا۔

ضمنی انتخابات میں قومی اور پنجاب اسمبلی کی 11 نشستوں کے ساتھ خیبرپختونخواہ اسمبلی کی 9، سندھ اور بلوچستان کی 2،2 نشستوں پرووٹنگ ہوگی اور 600 سے زائد امیدوار انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں۔

الیکشن کمیشن کے مطابق مجموعی طور پر35 حلقوں میں 92 لاکھ 93 ہزار 74 ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے جن کے لیے 7 ہزار 489 پولنگ اسٹیشن بنائے گئے ہیں جبکہ ایک ہزار727 پولنگ اسٹیشن کو حساس قرار دیا گیا ہے۔

این اے 53 ضمنی انتخاب

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 53 میں وزیراعظم عمران خان نے موہڑہ نوراسکول بنی گالہ میں اپنا ووٹ کاسٹ کردیا۔

این اے 243 ضمنی انتخاب

کراچی میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 243 میں پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار عالمگیر خان نے گلشن کالج میں اپنا ووٹ کاسٹ کردیا۔

مردان پی کے 53 ضمنی انتخاب

صوبہ خیبرپختونخواہ کے شہرمردان میں 98 سالہ بزرگ شہری نے ہار نہ مانی اور پولنگ اسٹیشن پہنچ کراپنا ووٹ کاسٹ کیا۔

قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 131 میں مسلم لیگ کے رہنما اور سابق وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے ووٹ کاسٹ کردیا۔

وفاقی وزیر پٹرولیم وقدرتی وسائل غلام سرور خان نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 63 راولپنڈی میں ووٹ کاسٹ کردیا۔

مسلم لیگ ق کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین نے گجرات میں اپنا ووٹ کاسٹ کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ موجودہ حکومت کو کامیاب کرے۔

پنجاب کے حلقہ پی پی 87 میانوالی اور پی پی 296 راجن پور پرامیدوار بلامقابلہ کامیاب ہوگئے ہیں۔

ترجمان الیکشن کمیشن ندیم قاسم کے مطابق ضمنی انتخابات میں پہلی بار 7 ہزار 364 سمندر پار پاکستانی آئی ووٹنگ کے ذریعے حق رائے دہی استعمال کرسکیں گے۔

ضمنی انتخابات میں کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے فوجی جوان پولنگ اسٹیشنز کے اندر اور باہر تعینات کیے گئے ہیں جبکہ ایک لاکھ سے زائد پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار بھی خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سیکیورٹی اسٹاف کے لیے ضابطہ اخلاق جاری کیا ہے جس کے مطابق سیکیورٹی اسٹاف، پریذائیڈنگ افسرآراوز کے ماتحت ہوں گے۔

الیکشن کمیشن نے وزارت توانائی کو ہدایت جاری کی ہے کہ پولنگ کے دوران متعلقہ حلقوں میں بجلی کی لوڈشیڈنگ نہ کی جائے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے