منگل , 25 فروری 2020

اپوزیشن کا سعد رفیق کے پروڈکشن آرڈر جاری ہونے تک قومی اسمبلی کے بائیکاٹ کا اعلان

اسلام آباد: قومی اسمبلی میں اپوزیشن نے سعد رفیق کے پروڈکشن آرڈر جاری ہونے تک ایوان کی کارروائی کے بائیکاٹ کا اعلان کردیا۔

اس سے قبل مسلم لیگ (ن) کی پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا تھا کہ جب تک سعد رفیق کے پروڈکشن آرڈر جاری نہیں کیے گئے ایوان نہیں چلےگا۔

جمعرات کے روز مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے ایوان میں اظہار خیال کرتے ہوئے سعد رفیق کے پروڈکشن آرڈر جاری نہ ہونے تک قومی اسمبلی کی کارروائی کے بائیکاٹ کا اعلان کیا۔

ایاز صادق نے کہا کہ ’اسپیکر سے توقع رکھتے ہیں کہ رول کے مطابق پروڈکشن آرڈر جاری کریں گے، اگر پروڈکشن آرڈر جاری نہ کیے گئے یا ان میں تاخیر کی گئی تو یہ جمہوریت کا قتل ہوگا اور ان حالات میں ایوان بیٹھنا مشکل ہے، ہم سعد رفیق کے پروڈکشن آرڈر جاری نہ ہونے تک ایوان کا حصہ نہیں بنیں گے‘۔

دوسری جانب اپوزیشن لیڈر شہبازشریف نے بھی ایک بار پھر سعد رفیق کے پروڈکشن آرڈر جاری کرنے کا مطالبہ کیا۔

اس پر اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نےکہا کہ سعد رفیق کے پروڈکشن آرڈر کی درخواست پرقانونی ماہرین سے مشاورت کررہے ہیں، ایوان کا تقدس پامال نہیں ہونے دیں گے۔

خواجہ سعد رفیق اور ان کے بھائی سلمان رفیق کو نیب نے پیراگون ہاؤسنگ سوسائٹی کیس میں لاہور ہائیکورٹ سے گزشتہ روز اس وقت گرفتار کیا جب عدالت نے ان کی عبوری ضمانت میں مزید توسیع کی درخواست مسترد کی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے