ہفتہ , 23 فروری 2019

پشاورزلمی کی نگاہیں دوسرے پی ایس ایل ٹائٹل پر مرکوز ہوگئیں

لاہور: پشاورزلمی کی نگاہیں دوسرے پی ایس ایل ٹائٹل پر مرکوز ہوگئیں جب کہ 2017 ایڈیشن کی فاتح ٹیم کو ڈیرن سیمی کی پُرجوش قیادت میسر ہے۔

پشاور زلمی کا شمار پاکستان سپرلیگ کی مضبوط ٹیموں میں ہوتا ہے، ٹیم نے 2016 کے پہلے ایڈیشن میں شاہد آفریدی کی زیرقیادت پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست رہتے ہوئے پلے آف مرحلے میں جگہ بنائی، کوالیفائر میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے زیر کیا، اس کے بعد ایلمنیٹر میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے ہرا کراسے ایونٹ سے باہر کردیا۔

دوسرے ایڈیشن میں کمان ڈیرن سیمی نے سنبھالی، اس بار بھی ٹیم لیگ مرحلے میں سرفہرست رہی، کوالیفائر میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ہرا دیا، ایلمنیٹر میں کراچی کنگز کو زیر کرکے زلمی نے فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کیا، قذافی اسٹیڈیم میں فیصلہ کن معرکے میں ایک بار پھر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز سے سامنا ہوا، یہاں ڈیرن سیمی الیون سرخروہوئی اور ٹائٹل پر قبضہ جمایا۔
تیسرے ایڈیشن میں پشاور زلمی نے بڑی مشکل سے پلے آف مرحلے میں رسائی حاصل کی، ایلمنیٹر ون میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز، ایلمنیٹر ٹو میں کراچی کنگز کے خلاف فتح حاصل کرکے ٹیم نے پیش قدمی جاری رکھی۔

کراچی میں منعقدہ فائنل میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے مات دیدی۔ پشاورزلمی کے ہیڈ کوچ محمد اکرم ہیں، ٹیم کو اس بار بھی ڈیرن سیمی کی پُرجوش قیادت میسر ہے، کامران اکمل پی ایس ایل میں اب تک929 رنز جوڑ چکے اور2 سنچریاں بنانے والے واحد بیٹسمین ہیں، لیام ڈاؤسن کا بیٹ بھی خوب چلا تھا، تجربہ کار مصباح الحق اسلام آباد یونائیٹڈ چھوڑ کر زلمی کو جوائن کر چکے۔

ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں ایک بڑا نام کیرون پولارڈ بھی ٹیم کا حصہ ہے،وہاب ریاض لیگ کے کامیاب ترین بولرز میں سے ایک اور بی پی ایل میں بھی زبردست فارم میں نظر آئے ہیں،انھیں حسن علی کا ساتھ بھی میسر ہوگا،کرس جورڈن بیٹ اور بال دونوں سے اپنی افادیت ثابت کرچکے ہیں۔
پشاور زلمی کا اسکواڈ
کیرون پولارڈ، ڈیرن سیمی، لیام ڈاؤسن، ڈیوڈ میلان، وائن میڈسن، آندرے فلیچر، کرس جورڈن (غیر ملکی کرکٹرز )،وہاب ریاض، حسن علی، کامران اکمل، مصباح الحق، عمر امین، عمید آصف، خالد عثمان، صہیب مقصود، جمال انور،ثمین گل،ابتسام شیخ، نبی گل، سمیع اللہ۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے