بدھ , 12 اگست 2020

کراچی میں نالوں کی صفائی کا کام کل سے شروع ہوجائے گا: چیئرمین این ڈی ایم اے

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل نے کہا ہے کہ کراچی کے نالوں کی بڑے پیمانے پر صفائی کا کام کل سے شروع کردیا جائے گا۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے لیفٹننٹ جنرل محمد افضل نے بتایا کہ  وزیراعظم نے کراچی جاکر صورتحال کا جائزہ لینے کی ہدایت کی تھی جس پر کراچی پہنچا جہاں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے 3 ملاقاتیں ہوئیں اور کورکمانڈرکی بھی وزیراعلیٰ سندھ سے ملاقات ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ گورنر سندھ عمران اسماعیل اور میئرکراچی وسیم اختر سے بھی ملاقاتیں ہوئیں۔

 چیئرمین این ڈی ایم اے نے کراچی میں بارش سے ہونے والے نقصانات پرافسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کے مسائل سمجھنے کی ضرورت ہے، اس لیے موجودہ سیزن میں مسائل کے فوری حل کےاقدامات کر رہے ہی_

ان کا کہنا ہے کہ کراچی کے ندی نالوں پرتجاوزات بہت زیادہ اورسیوریج کا نظام درست نہیں، شہر میں روزانہ 20 ہزارٹن سالڈ ویسٹ پیدا ہورہا ہے۔

انہوں  نے کہا کہ  سیوریج اور برساتی پانی سمیت تجاوزات کے خاتمے کے اقدامات کرنے جا رہے ہیں، بڑے نالوں کی صفائی کے لیے ایف ڈبلیو او کو کام سونپا گیا ہے اور کل صبح تک شہرمیں بڑے پیمانے پرکام شروع ہوجائےگا۔

چیئرمین این ڈی ایم اے نے بتایا کہ   7 سے 9 اگست تک کراچی میں بارش کا امکان ہے تاہم  ابھی فوری کوشش ہے کہ رواں سیزن کے آئندہ آنے والے برساتی سسٹم میں نقصان کم سے کم ہو، مسئلے کے مستقل حل کے لیے اسٹیک ہولڈرز کو بٹھانے کی ضرورت ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں ہونے والی مون سون بارشوں میں کراچی کے نالے اوور فلو ہوگئے تھے اور نالوں کے ساتھ ملحقہ آبادیوں میں پانی داخل ہوگیا تھا جب کہ بارش کے باعث شہر بھر کی شاہراہیں پانی میں ڈوب گئی تھیں۔

اس صورتحال  کے بعد وزیراعظم نے چیئرمین این ڈی ایم اے کو فوری طور پر کراچی جانے کی ہدایت کی تھی اور انہیں کراچی کی صفائی کا ٹاسک دیا تھا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے