جمعہ , 27 نومبر 2020

نواز شریف کیلئے شہباز شریف کی ضمانتی تحریر سامنے آگئی

مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کی جانب سے سابق وزیراعظم نواز شریف کی ضمانت کے لیے دی جانے والی تحریر سامنے آ گئی۔

شہباز شریف کی جانب سے ضمانت نواز شریف کے بیان حلفی پر دی گئی۔

شہبازشریف کی تحریر کے متن میں لکھا ہے کہ نواز شریف کو صحتیاب ہونے پر واپس پاکستان لانے کے لیے سہولت فراہم کروں گا۔

قائد حزب اختلاف نے اپنی تحریر میں مزید لکھا کہ نواز شریف صحتمند ہونے کے باوجود نہ آئیں تو وفاقی حکومت کو اختیار ہو گا کہ وہ فزیشن سے تصدیق کر سکے گی۔

علاج کے لیے بیرون ملک جانے سے قبل نواز شریف کی جانب سے بھی بیان حلفی جمع کرایا گیا تھا۔

نواز شریف کا اپنے بیان حلفی میں کہنا تھا کہ چار ہفتے یا جلد ڈاکٹر کی تصدیق کے بعد پاکستان آنے کا پابند ہوں گا۔

نواز شریف کے بیان حلفی میں ہے کہ پہلے بھی ہم انصاف کے لیے تعاون کرتے رہے ہیں، اب بھی کریں گے۔

یاد رہے کہ وزیراعظم نواز شریف گزشتہ کئی ماہ سے علاج کی غرض سے لندن میں موجود ہیں تاہم اب حکومتی بینچز کی جانب سے کہا جا رہا ہے نواز شریف اب صحتمند ہیں اور انہیں آ کر مقدمات کا سامنا کرنا چاہیے۔

وزیراعظم عمران خان نے بھی اپنے بیان میں کہا تھا کہ مسلم لیگ ن نے نواز شریف کی صحت پر سیاست کی، انہیں وطن واپس لانا حکومت کی ذمہ داری ہے اور حکومت نواز شریف کو  وطن واپس لانے کے لیے ہر ممکن قانونی کارروائی کرے گی۔

دوسری جانب مسلم لیگ ن کا مؤقف ہے کہ نواز شریف وزیراعظم عمران خان کی اجازت کے بعد ہی علاج کے لیے بیرون ملک گئے تھے، جیسے ہی ڈاکٹرز نے انہیں اجازت دی وہ وطن واپس آ جائیں گے۔