بدھ , 20 جنوری 2021

انوشکا اور ویرات کے ہاں ننھی پری کی آمد

بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی اور بالی وڈ اداکارہ انوشکا شرما کے ہاں بیٹی کی پیدائش ہوئی ہے۔

ویرات کوہلی نے فوٹو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام کے ذریعے بیٹی کی پیدائش کی اطلاع دی جس کے بعد مشہور بھارتی جوڑی کو مبارکبادوں کا سلسلہ شروع ہوگیا۔

ویرات کوہلی نے اپنی انسٹاگرام پوسٹ پر بیٹی کے پیدائش کے موقع پر ہندی اور انگریزی میں پیغام جاری کیا۔

انہوں نے اپنے پیغام میں لکھا کہ ‘ہمیں یہ بتاتے بے حد خوشی ہو رہی ہے کہ ہمارے ہاں آج سہ پہر میں بیٹی کی پیدائش ہوئی ہے، ہم آپ سب کے پیار، دعاؤں اور نیک تمناؤں کا شکریہ ادا کرتے ہیں’۔

ویرات کوہلی نے بتایا کہ ‘انوشکا اور بیٹی دونوں بلکل ٹھیک ہیں اور ہم زندگی کے اس نئے سبق کی شروعات کرتے ہوئے بے حد شکرگزار محسوس کر رہے ہیں’۔  

انہوں نے مزید کہا کہ ‘ہم امید کرتے ہیں کہ آپ اس وقت ہماری پرائیویسی کا خیال کریں گے’۔